اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک نتائج کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں ،ایران

11:38 AM, 17 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

نیویارک :اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایراوانی نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ملک نے اسرائیل کے ایران پر حملوں میں تعاون کیا تو وہ بھی نتائج کے لیے تیار رہے، کیونکہ ایسے ممالک بھی قانونی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے دفاع میں صرف فوجی اہداف اور متعلقہ تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے، اور یہ تمام کارروائیاں حقِ دفاع کے تحت کی جا رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کو بھیجے گئے خط کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایرانی مندوب نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو اسلحہ، انٹیلیجنس اور سیاسی حمایت فراہم کی، اور یہ حملے امریکا کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں تھے۔ انہوں نے امریکا کو بھی غیر قانونی حملوں کا شریک مجرم قرار دیا۔

ایراوانی نے واضح کیا کہ ایران نے کسی جنگ کی شروعات نہیں کی، اور اسرائیل کے "ایران کے وجود کو خطرہ" جیسے بیانات جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر کسی بھی ملک نے اسرائیل کا ساتھ دیا تو اسے بھی براہ راست نتائج بھگتنا ہوں گے۔

دوسری طرف، اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب ڈینی ڈینون نے ایران پر الزام لگایا کہ وہ شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ اسرائیل صرف حکومتی اور فوجی اہداف پر حملے کر رہا ہے۔

مزیدخبریں