نیند کا نیا حل: جاپانی کمپنی کی جانب سے سمارٹ جیکٹ متعارف

04:48 PM, 17 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

ٹوکیو: جاپانی ڈیزائن فرم کونیل (KONEL) نے ایک ایسی منفرد پَفر جیکٹ تیار کی ہے جو روشنی اور موسیقی کے ذریعے پہنے والے کو کسی بھی جگہ پرسکون نیند سلا سکتی ہے۔

یہ جیکٹ بظاہر ایک عام اوور سائز پَفر جیکٹ لگتی ہے جسے روزمرہ زندگی میں پہنا جا سکتا ہے، لیکن اس کی خاص بات اس کا "سلیپ موڈ" ہے جو صرف ہُڈ چڑھاتے ہی خود بخود فعال ہو جاتا ہے۔

اس کا گہرا ہُڈ ایک محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کرتا ہے، جبکہ اس میں نصب جدید سینسرز پہننے والے کے دل کی دھڑکن، جسم کا درجہ حرارت اور ذہنی تناؤ کو مانیٹر کرتے ہیں۔ ان ڈیٹا کی بنیاد پر جیکٹ کا سسٹم نرم موسیقی اور مخصوص روشنی پیدا کرتا ہے — جیسے سرخ روشنی نیند لانے اور نیلی روشنی بیدار کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

جیکٹ میں بجنے والی نیوٹرل ٹونز پر مبنی موسیقی دماغ کی لہروں کو متاثر کر کے نیند کو مزید گہرا اور پُرسکون بناتی ہے۔ اگر پہنے والے کا تناؤ برقرار رہے تو سسٹم خودکار طور پر زیادہ مؤثر آوازیں چلا دیتا ہے تاکہ نیند میں مدد مل سکے۔

یہ انوکھا تصور جاپان کی قدیم ایڈو دور کے "یوگی" کمبل سے متاثر ہے، جو بستر اور لباس کا امتزاج ہوا کرتا تھا۔

یہ جیکٹ جاپان جیسے ملک میں خاص طور پر کارآمد ہو سکتی ہے جہاں نیند کی کمی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق، جاپانی لوگ یورپی باشندوں کی نسبت روزانہ اوسطاً ڈیڑھ گھنٹہ کم سوتے ہیں، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت کو ہر سال تقریباً 138 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

مزیدخبریں