پی آئی اے کا ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن جاری

08:45 PM, 17 Jun, 2025

کراچی: ایران میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس مشن کے تحت ابتدائی گروپ کو ایرانی شہر مشہد سے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان واپس لائے جائیں گے۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق، خصوصی طیارہ اشک آباد روانہ کر دیا گیا ہے، اور ابتدائی طور پر 150 پاکستانی شہریوں کو ایران سے اشک آباد پہنچایا گیا ہے۔ ان تمام افراد کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی کہ وہ اشک آباد پہنچ کر واپسی کی پرواز میں شامل ہوں۔

حکام کے مطابق، ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث یہ پاکستانی مسافر ایران میں کئی روز سے پھنسے ہوئے تھے۔ تاہم پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے ان کی منتقلی کے انتظامات مکمل کیے گئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر پی آئی اے مزید خصوصی پروازوں کا آپریشن بھی جاری رکھے گی تاکہ باقی پاکستانیوں کو بھی بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔

مزیدخبریں