سندھ بجٹ 2026-27: تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ، کم ازکم اجرت 43 ہزار مقرر، 3 ہزار 562 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش

04:38 PM, 17 Jun, 2026

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال کے لیے 3 ہزار 562 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ جبکہ کم ازکم اجرت 40 ہزار سے بڑھا کر 43 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ میں تعلیم کے لیے 25.9 ارب روپے اور صحت کے لیے 17.4 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ تعلیمی معاونتی خدمات پر سیلز ٹیکس کم کر کے 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔

زرعی شعبے کے لیے بھی اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت زرعی سپر ٹیکس کی استثنیٰ حد 150 ملین سے بڑھا کر 500 ملین روپے کر دی گئی ہے جبکہ اس کی شرح 10 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ زراعت اور لائیو اسٹاک کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 6.3 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے کے لیے 39.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سماجی تحفظ کے پروگرامز کے لیے 13.2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے بڑے ہاؤسنگ منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے 17 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف رکھا ہے، جبکہ 2 لاکھ 75 ہزار مفت سولر ہوم سسٹمز کی تقسیم بھی بجٹ کا حصہ ہے۔ ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے 1.675 ارب ڈالر کے فنڈز حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ میں انشورنس ایجنٹس اور بروکرز پر ٹیکس میں کمی اور این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے کے تحفظ کی یقین دہانی بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں