دنیا بھر کے جی میل اکاؤنٹس کیلئے اے آئی اوور ویو فیچر متعارف

05:55 PM, 17 Jun, 2026

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی جیمنائی کو مزید وسعت دیتے ہوئے جی میل صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ای میلز کا خلاصہ خودکار طور پر تیار کیا جا سکے گا۔

ابتدائی طور پر گوگل نے اپنی اے آئی صلاحیتوں کو تحریری معاونت تک محدود رکھا تھا، تاہم بعد ازاں مختلف ایپس میں بھی جیمنائی سے چلنے والے فیچرز شامل کیے گئے۔ 2025 میں کمپنی نے جی میل میں اے آئی سمریز کا آپشن گوگل ورک اسپیس کے بامعاوضہ صارفین کے لیے پیش کیا تھا۔

اس کے بعد جنوری 2026 میں امریکا میں جی میل استعمال کرنے والے افراد کو چند اہم اے آئی سہولیات مفت فراہم کی گئیں، جبکہ اب کمپنی نے ای میل سمریز کا فیچر دنیا بھر کے صارفین تک پہنچانا شروع کر دیا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق جیمنائی سے تقویت یافتہ یہ فیچر مرحلہ وار مفت جی میل اکاؤنٹس استعمال کرنے والے افراد کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔ فی الحال یہ سہولت مخصوص ای میل تھریڈز تک محدود ہے۔

گوگل کے سپورٹ پیج پر بھی تصدیق کی گئی ہے کہ اے آئی اوور ویو کنورسیشن سمریز دنیا بھر میں مفت جی میل اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کو دستیاب ہوں گی۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر اس وقت انگریزی، فرانسیسی، جرمن، اطالوی، جاپانی، کوریائی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے۔

اے آئی اوور ویو کی مدد سے جیمنائی کسی ای میل گفتگو کے متن کا تجزیہ کرکے اس کا مختصر خلاصہ تیار کرتی ہے، جبکہ صارفین "آسک جیمنائی" آپشن کے ذریعے ای میل تھریڈ سے متعلق سوالات بھی پوچھ سکتے ہیں۔

جو صارفین ان اے آئی فیچرز کو استعمال نہیں کرنا چاہتے، وہ جی میل کی سیٹنگز میں جا کر انہیں غیر فعال کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جنرل سیٹنگز میں موجود گوگل ورک اسپیس اسمارٹ فیچرز اور پھر "منیج ورک اسپیس اسمارٹ فیچرز" کے آپشن سے جیمنائی پر مبنی سہولیات بند کی جا سکتی ہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں