واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جی سیون ممالک ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر خوش ہیں۔
جی سیون اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ٹرمپ کے مطابق اجلاس میں ایران معاہدے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور رکن ممالک نے اس پیش رفت کو مثبت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ عالمی معیشت میں کسی بھی قسم کی خرابی نہیں چاہتے تھے، اور اگر معاہدہ نہ ہوتا تو آبنائے ہرمز بند رہ سکتی تھی۔
امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بعض اوقات جذباتی ردعمل دیتے ہیں تاہم وہ ایک اچھے اتحادی ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایران سے افزودہ جوہری مواد نکال کر اسے ناکارہ بنائے گا تاکہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جا سکے اور دنیا کو ممکنہ تباہی سے بچایا جا سکے۔
ٹرمپ کے مطابق ایران نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ نہ تو جوہری ہتھیار بنائے گا اور نہ ہی حاصل کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مفاہمتی یادداشت کی ایک کاپی اسرائیل کو بھی ارسال کی گئی ہے۔