اگر آدھا ایوان خالی ہو گیا تو پیپلز پارٹی کو استعفے دینا پڑیں گے، مولانا فضل الرحمان

05:48 PM, 17 Mar, 2021

پشاور: حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آدھا ایوان خالی ہو گیا تو انھیں استعفے دینا پڑیں گے۔

ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کل 10 جماعتوں میں سے 9 کی رائے تھی کہ لانگ مارچ سے قبل استعفے دینا چاہیں مگر پیپلز پارٹی یہ معاملہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھے گی پھر اپنا موقف بتائے گی۔

خیال رہے مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس بارے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجالس کی اندر کی کہانی کو افشا کرنا بد دیانتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم متحد ہے اور اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے جبکہ کل بھی ایسا ہوا تھا۔ ہمیں پیپلز پارٹی کے موقف کا انتظار ہے اور خدا کرے انہیں سمجھ آ جائے کیوکہ ہم پیپلز پارٹی کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جب پی ڈی ایم بنا رہے تھے تو اس میں استعفے کا آپشن رکھا، اس میں یہ نہیں لکھا کہ استعفوں کا آپشن لاسٹ ہوگا یا ایٹم بم ہیں۔ ہم حکومت کومسلسل پریشان رکھنا چاہتے ہیں۔ آج کی پریس کانفرنس میں دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ لانگ مارچ اب کب ہوگا؟ مولانا فضل الرحمان اس کا جواب دیئے بغیر چلے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری کے مؤقف کے بعد پی ڈی ایم میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ اسی صورتحال کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں سابق صدر اور مریم نواز کے درمیان تلخ گفتگو زیر بحث آئی، دونوں رہنماؤں نے پی پی شریک چیئرمین کے بیان پر دکھ کا اظہار کیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان رابطے میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ نواز شریف نے کہا کہ سابق صدر کی ایسی گفتگو سے سخت دکھ اور تکلیف پہنچی، ن لیگ تو نوے کی دہائی کی سیاست دفن کر کے آگے بڑھی تھی پھر الزام تراشی کیوں کی گئی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہیں خود آصف زرداری کے غیر جمہوری رویے سے دکھ ہوا۔

پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو ہونے والا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ لانگ مارچ پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کی مخالفت پر ملتوی کیا گیا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فیصلے کا اعلان کیا تھا اور میڈیا سے مزید کوئی گفتگو کیے بغیر چلے گئے تھے۔

مزیدخبریں