عدم اعتماد، اپوزیشن اتحاد کا 190 ارکان کی حمایت حاصل ہو نے کا دعویٰ

08:33 AM, 17 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ  اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی نمبر گیم میں 190 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے  کہ پی ٹی آئی کے ممبران اپنے حلقوں میں بھی نہیں جاسکتے ہیں جب کہ ہمارے پاس نمبرز کی تعداد 190 تک پہنچ گئی ہے، اتحادیوں سے بات چیت ہمارے حق میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ق لیگ پر ہمارا قرض ہے انہیں ہم سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا چاہیے، ق لیگ کے لوگ گزشتہ دو سال سے کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔

امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے واضح کیا کہ مارچ کا آغاز تو 23 مارچ کو ہی ہوگا لیکن اسلام آباد میں قافلوں کے داخلے کا وقت 25 مارچ ہوگا اور چند روز قافلوں کو اسلام آباد میں رہنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تب تک یہاں رہیں گے جب تک ممبران پارلیمنٹ اپنا ووٹ استعمال نہیں کرلیتے۔انہوں نے کہا کہ ہم  نے لانگ مارچ کا نومبر میں اعلان کیا تھا۔حکومت کے عدم اعتماد کی ووٹنگ کے وقت 10 لاکھ لوگ جمع کرنے کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 10 لاکھ لوگ اس وقت بھی نہیں تھے جب ان کو عروج دیا گیا تھا، وزیراعظم کے جلسوں میں سارے پٹواری شریک ہوتے ہیں، جلسوں میں لوگوں کو لایا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، اداروں سے ہم نے ڈھکی چھپی شکایت نہیں کی، آج ادارہ بھی سوچ رہا ہے کہ کب تک حکومت کا ساتھ دیں؟  انہوں نے کہا کہ ادارے کے لحاظ سے ہمیں حالات بہتر نظر آرہے ہیں ، ہم کسی سے کسی قسم کی گارنٹی نہیں لیتے بلکہ سیاسی لوگ ہیں حالات کو دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ اب تو نیوٹرل کا لفظ ادا کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے، غیر جانبدار کا لفظ استعمال کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں