سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی ، کراچی میں مارا جانے والا دہشت گرد کالعدم بی ایل اے کا اہم کمانڈر سہیل بلوچ نکلا

10:15 AM, 17 Mar, 2026

کراچی : کراچی میں بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف سی ٹی ڈی نے ایک اہم آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن ملیر میں مارا جانے والا دہشت گرد بی ایل اے کا اہم کمانڈر سہیل بلوچ عرف "گرک" نکلا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سترہ فروری کو آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور چار انتہائی مطلوب افراد ہلاک ہوئے۔ سہیل بلوچ بی ایل اے کے الفتح سکواڈ کا اہم کمانڈر تھا اور مختلف دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور اسلحہ و لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں ملوث تھا۔

حکام کے مطابق سہیل بلوچ نے خضدار میں ڈپٹی کمشنر پنجگور زاکر بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 50 سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے قتل میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ وہ جعفر ایکسپریس حملے کے لیے خودکش بمبار بھی بھیج چکا تھا اور بولان ایریا میں دیگر دہشت گردوں کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سہیل بلوچ کی ہلاکت بی ایل اے کے نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا ہے اور اس کارروائی سے کراچی میں ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں