ایرانی نیشنل سکیورٹی چیف علی لاریجانی نے مسلم ممالک کے نام خط لکھ دیا

12:18 PM, 17 Mar, 2026

تہران: ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے مسلم ممالک کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے سوال کیا کہ کیا آپ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ہیں یا ایران اور مزاحمت کاروں کے ساتھ؟

خط میں علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کو مذاکرات کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جس میں سپریم کمانڈر، فوجی اور عام شہری شہید ہوئے، لیکن زیادہ تر اسلامی ممالک ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے۔ باوجود اس کے، ایرانی عوام نے دشمن پر قابو پا لیا اور آج دشمن اس بحران سے نکلنے کے قابل نہیں ہے۔

علی لاریجانی نے مزید کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کے راستے پر قائم ہے، اور بعض ممالک نے ایران کو دشمن قرار دے دیا کیونکہ اس نے ان کے ممالک میں موجود امریکی اڈوں یا مفادات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران انتظار نہیں کرے گا جب آپ کے ملکوں میں موجود امریکی اڈے استعمال کر کے اس پر حملے کیے جائیں۔

انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے موقف اور اسلامی دنیا کے مستقبل کے بارے میں غور کریں، کیونکہ امریکا اور اسرائیل قابل اعتماد نہیں ہیں۔ علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ اگر امت مسلمہ متحد ہو جائے تو یہ تمام ممالک کے لیے سلامتی، ترقی اور آزادی کو یقینی بنا سکتا ہے۔

مزیدخبریں