اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے 16 مارچ کی رات آپریشن "غَضَب لِلحق" کے تحت کابل اور ننگرہار میں کامیابی سے فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں افغان طالبان کی فوجی تنصیبات، تکنیکی معاونت کے مراکز اور اسلحہ کے ذخائر نشانہ بنائے گئے، جو دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث تھے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کابل میں دو اہم مقامات پر اسلحہ اور تکنیکی انفراسٹرکچر تباہ کیے گئے، جبکہ ننگرہار میں چار فوجی تنصیبات کو مکمل طور پر نقصان پہنچایا گیا۔ حملوں کے بعد ہونے والے ثانوی دھماکے بڑے اسلحہ ڈپو کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہیں۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے مزید کہا کہ افغان طالبان حکومت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت دہشت گرد نیٹ ورکس کی معاونت کر رہی ہے اور طالبان حکومت کا پراپیگنڈا گمراہ کن ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن "غَضَب لِلحق" پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہے گا۔