اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی دفاع، معیشت اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں ہدایت کی کہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس ضمن میں انٹیلی جینس بیورو (IB) کو تمام اقدامات کی نگرانی کرنے اور باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم اور بچت کے عمل میں کسی بھی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہو سکے۔
وزیراعظم نے وزیرِ پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ملک میں پیٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین کو مزید متحرک اور بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں ایندھن اور ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ تمام متعلقہ ادارے حالات کی بہتری تک ہنگامی اقدامات کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کے ریکارڈ کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نے ملکی مفاد میں رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری محکموں میں تیل کے کوٹے میں کٹوتی کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو ریلیف کی صورت میں ملے گا۔ مزید برآں، وزارت آئی ٹی نے 'ورک فرام ہوم' کے لیے ای-آفس اور خصوصی کنیکٹیویٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، شزا فاطمہ، بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کا ایندھن بچت مہم کا جائزہ؛ آئی بی کو نگرانی کا ٹاسک، کابینہ ارکان کا تنخواہیں نہ لینے کا اعلان
05:42 PM, 17 Mar, 2026