اسلام آباد : سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں حالیہ بھارتی جارحیت پر قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کے مؤثر ردعمل کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’قوم نے دشمن کے خلاف متحد ہو کر بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا، ہر پاکستانی نے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر تاریخ رقم کی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے شاہد آفریدی کے جذبے کو سراہا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے شاہد آفریدی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عوامی شعور اجاگر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔