پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور اس کی فتح دراصل امن کی فتح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا طلباء سے خطاب

08:11 PM, 17 May, 2025

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اسلام آباد میں طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس دوران انہوں نے نوجوانوں کی ملک کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد اہم قرار دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے خطاب میں دشمن کے ناپاک عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فتح دراصل امن کی فتح ہے، اور اس وقت ملک میں امن کا راج ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو متحد رہنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ "پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور اس کی فتح دراصل امن کی فتح ہے۔"

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ "جس طریقے سے آپ نے پاکستان اور اس کی فوج کے لیے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے، اس سے میں بڑے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف محفوظ ہے بلکہ تابناک اور روشن بھی ہے۔"

انہوں نے طلباء اور طالبات کو بتایا کہ "پاکستان کی فوج عوام سے ہے اور عوام پاکستان کی فوج سے ہے، یہ جو سیسہ پلائی دیوار ہے، یہ آپ ہیں، اس ملک کے عوام ہیں، اور یہ نسل اور ہمارے بعد آپ کی نسل اس ملک کی حفاظت سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔"

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اس موقع پر پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ "پاکستان میں بھارت دہشتگردی کروا رہا ہے، لیکن جب عوام اور فوج اکٹھے ہوں گے تو اس ملک میں کوئی دہشتگرد نہیں بچ سکے گا۔"

آخر میں، انہوں نے پورے ملک کے اساتذہ کو پاک فوج کی جانب سے سلام پیش کیا اور طلباء و طالبات کی جانب سے بھی پاک فوج کا شکریہ ادا کیا گیا۔

مزیدخبریں