راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا میلہ آج سے راولپنڈی میں دوبارہ سج گیا، جہاں میچ سے قبل ایک پروقار تقریب میں کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔ میچ سے قبل وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جس کے دوران اسٹیڈیم میں فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔
قومی ترانے کی گونج، سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ شائقین کرکٹ کے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے نے اس لمحے کو مزید باوقار بنا دیا۔
پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب قوم اپنے ہیروز کو یاد کر رہی ہے، اور اس تقریب نے ثابت کیا کہ کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ قومی اتحاد و یکجہتی کی علامت بھی ہے۔