کراچی :پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر کو ہوگی جبکہ عیدالاضحٰی 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد کیے گئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے باقاعدہ اعلان کیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی معتبر شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مرکزی کمیٹی کے دو ارکان نے چاند دیکھنے کی شہادت دی۔خیبر پختونخوا سے تین شہادتیں ملیں۔
دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، تیونس اور ترکیہ میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اس بار یہ ایک خوش آئند اور غیر معمولی موقع ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں ایک ہی دن، یعنی ۲۷ مئی بروز بدھ کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی
09:41 PM, 17 May, 2026