شیخ رشید کا چودھری نثار سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کا اعتراف

 شیخ رشید کا چودھری نثار سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کا اعتراف

لاہور:  وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ گولی اندر اور چوہے جالندھر ہوں گے، مارچ تک جھاڑو پھر جائے گا،  وزیر ریلوے کا چودھری نثار سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کا اعتراف، ریلوے اراضی قبضہ گروپوں سے چھڑوانے کا عزم۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کو نواز شریف کے جہیز میں سارے مسائل ملے، مارچ میں جھاڑو پھر جائے گا، گولی اندر اور چوہے جالندھر ہوں گے۔

انہوں نے فالودہ اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والوں کو جیل کا خام مال قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا ملک میں ہوا اسے سو دن نہیں کم سے کم ایک سال میں ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ کچھ ملکوں سے اطلاعات ہے لوٹی دولت واپس آ رہی ہے تاہم مقدار تھوڑی ہے، عمران خان نے جتنی محنت کی اتنا کسی کے بس میں نہیں، چوروں،لیٹروں نے اکانومی کو لوٹا، جس نے کرپشن کی اسے پھکی ملنی چاہیے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ چین بہت زیادہ کامیاب رہا۔ شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ چودھری نثار سے ایک شادی میں ایک گھنٹہ تفصیلی ملاقات ہوئی، چودھری نثار نے اعتراف کیا کہ میں ٹھیک کہتا تھا، چودھری نثار جس صورتحال میں ہیں میرا نہیں خیال وہ ن لیگ یا پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ ریلوے کی زمین کوئی نہیں کھا سکتا، ریلوے کی زمینیوں کو قبضہ مافیا سے خالی کرائیں گے، ریلوے زمینیوں پر قبضہ ہے،چیف جسٹس صاحب، چیئرمین نیب کو درخواست دینگے۔