پنجاب میں دفعہ 144 کی مدت میں مزید 7 روز کی توسیع

09:19 AM, 17 Nov, 2025

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں ایک ہفتے کی مزید توسیع کر دی ہے۔ جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 اب ہفتہ 22 نومبر تک نافذ رہے گی۔

حکم کے مطابق پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات بدستور ممنوع ہوں گے، جبکہ چار یا زیادہ افراد کا عوامی مقامات پر اکٹھا ہونا بھی سختی سے منع ہے۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش اور اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی تقسیم و اشاعت پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی رہے گی، تاہم صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے اس کی اجازت دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریبات، جنازے اور تدفین اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ سرکاری فرائض سرانجام دینے والے اہلکار اور عدالتیں بھی اس حکم کے دائرے میں نہیں آئیں گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عوامی احتجاج اور بڑے اجتماعات دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں، اور شرپسند عناصر ایسے مواقع کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں