اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی وفاقی آئینی عدالت نے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں اپنی پہلی باقاعدہ سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی آئینی عدالت کے بنچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں کمرہ عدالت نمبر دو میں سماعت شروع کی۔ چیف جسٹس امین الدین کی قیادت میں تین رکنی بنچ اس مقدمے کی سماعت کر رہا ہے۔
اس بنچ میں چیف جسٹس امین الدین خان کے ساتھ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔ یہ بنچ وفاقی آئینی عدالت کی پہلی سماعت کرنے والا بنچ ہے۔ اس کے علاوہ، چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے تین بنچ تشکیل دیے ہیں:
بنچ 1 میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔
بنچ 2 میں جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا شامل ہیں۔
بنچ 3 میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے کمروں کی منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر بدستور کورٹ ون میں سماعت کرتے رہیں گے، جبکہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت، جسٹس امین الدین خان کورٹ ٹو میں بیٹھیں گے۔
عدالتی کمروں کی منتقلی کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت کو جسٹس میاں گل اورنگزیب کی عدالت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئینی عدالت کے دیگر ججز جیسے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس حسن اظہر رضوی تھرڈ فلور پر اپنی عدالتیں لگائیں گے۔