کانگو میں تانبے کی کان دھنسنے سے 43 کان کن ہلاک

01:42 PM, 17 Nov, 2025

لنشاسا : کانگو کے صوبے لوالابا میں تانبے کی کان دھنسنے کے المناک حادثے میں 43 کان کن ہلاک ہو گئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کان میں موجود ایک پل گر گیا، جس کے نتیجے میں متعدد کان کن دب کر ہلاک ہوگئے۔ اب تک 43 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور امدادی ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

کانگو کے وزیر داخلہ نے کہا کہ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث امدادی ٹیموں کو حادثے کے مقام تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امدادی ٹیموں نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حادثے کے مقام تک رسائی پر پابندی تھی، تاہم غیر قانونی کان کنوں نے زبردستی کان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پل جس پر کان کنوں کا گزر تھا، وہ عارضی طور پر بنایا گیا تھا اور اس کے گرنے کی وجہ سے اتنی بڑی تباہی آئی۔

کانگو میں تقریباً 2 لاکھ افراد غیر قانونی کانوں میں کام کر رہے ہیں، جہاں کام کرنے کے حالات انتہائی خطرناک ہیں اور وہاں کے کان کنوں کی زندگیوں کو مسلسل خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ اس حادثے نے ایک بار پھر غیر قانونی کان کنوں کی حالت زار اور اس شعبے میں حفاظتی تدابیر کی کمی کو اجاگر کیا ہے۔

مزیدخبریں