ڈیرہ اسماعیل خان : ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک اہم آپریشن کے دوران 10 غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد کی گئی، جس میں فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے انتہائی منظم انداز میں آپریشن شروع کیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے اور حالیہ مہینوں میں مختلف تخریبی سرگرمیوں، بھتہ خوری اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہے تھے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی، تاہم فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔
اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر تدارک کیا جا سکے۔ سیکیورٹی حکام نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
یہ آپریشن حالیہ مہینوں میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی بڑی کارروائیوں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔