وزیراعظم نے افغان جارحیت پر آج اعلیٰ سطح کااجلاس طلب کرلیا

09:29 AM, 17 Oct, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت اور ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے تناظر میں اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں اعلیٰ سطح کی قومی قیادت شرکت کر رہی ہے۔ اجلاس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی پر تفصیل سے بات کی جائے گی۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی اور ان کی ممکنہ واپسی کے بارے میں بڑے فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے بھی ایک اجلاس بلایا ہے، جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیوں کی پیشرفت پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں گندم کی پالیسی اور زرعی چیلنجز پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان میں افغان طالبان کی جانب سے مغربی سرحد پر جارحیت کی صورتحال نے سکیورٹی کے سنگین مسائل پیدا کر دیے ہیں، جس کا براہ راست اثر ملکی سلامتی اور داخلی سکونت پر پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ، سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، جس پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت ان دونوں مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے گی۔ اجلاس کے بعد اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں