وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے کابینہ میں شامل ہونے والےنئے وزراء کی ملاقات

11:32 AM, 17 Oct, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء نے ملاقات کی، جس دوران ملکی سیاسی حالات اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیل سے بات چیت ہوئی۔

مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان اور صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل خواجہ محمد منشاء اللہ بٹ کو کابینہ میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اور ان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے دونوں وزراء کی کابینہ میں شمولیت کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے صوبے کے ترقیاتی امور پر ان کی بھرپور تعاون کی توقع ظاہر کی۔

صوبائی وزراء رانا محمد اقبال خان اور منشاء اللہ بٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پرامن پنجاب کے ویژن کو سراہا اور ان کی قیادت میں صوبے میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے فیکٹری ورکرز اور مزدوروں کی رجسٹریشن میں شفافیت پر زور دیتے ہوئے صوبائی وزیر محنت کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ اجرات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ صرف چند ماہ کی قلیل مدت میں پنجاب بھر میں امن و امان کی فضا بہتر ہوئی ہے، اور انہوں نے مزید بہتری کے لیے حکومت کی تمام کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

مزیدخبریں