نومبر احتجاج کیس : علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

12:24 PM, 17 Oct, 2025

راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نومبر احتجاج کے مقدمے کے سلسلے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ علیمہ خان کی عدالت میں عدم حاضری پر عدالت نے یہ کارروائی کی، کیونکہ وہ اپنے کیس کی سماعت میں شریک نہیں ہوئیں اور نہ ہی ان کی طرف سے کسی وکیل نے پیش ہو کر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی سربراہی میں مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدمہ ایک سال سے زیر سماعت ہے اور علیمہ خان نے مسلسل ٹرائل کی پیش رفت میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں اور ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ عدالت نے ان دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ علیمہ خان کو عدالت میں پیش کرے۔

یہ مقدمہ تھانہ صادق آباد میں 24 نومبر 2024 کو احتجاج کے دوران درج کیا گیا تھا، جس میں مجموعی طور پر 87 ملزمان پر چالان کیا گیا۔ اس کیس میں 9 ملزمان نے اعتراف جرم کیا ہے اور 66 ملزمان اشتہاری ہیں۔ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کو فرد جرم کے بعد ٹرائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس مقدمے میں اہم گواہان میں سب انسپکٹر ظہیر، سب انسپکٹر اقبال، کانسٹیبل بابر، اے ایس آئی کاظم رضا اور اے ایس آئی طارق محمود شامل ہیں۔

مزیدخبریں