وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے اہم اجلاس جاری

12:50 PM, 17 Oct, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس جاری ہے، جس میں ملک کے تمام وزرائے اعلیٰ اور اہم وفاقی حکام شریک ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی غیرموجودگی نے توجہ مبذول کرائی،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قومی سطح کے اس اہم ترین اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی، تاہم اجلاس میں تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے شرکت کی۔

اجلاس کا ایجنڈا افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل پر غور کرنا ہے، اور اس سلسلے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں عسکری حکام اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس کا مقصد افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو تیز کرنا اور اس کے لیے ممکنہ حکومتی اقدامات پر بات چیت کرنا ہے۔

اس اجلاس کا مقصد نہ صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو بہتر بنانا ہے بلکہ ملک کے اندر جاری دیگر مسائل پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے بھی ایک الگ اجلاس طلب کیا ہے، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا اور متاثرین کی بحالی کے لیے پیشرفت کا تجزیہ کیا جائے گا۔

مزید برآں، اجلاس میں گندم پالیسی پر بھی بات چیت کی جائے گی، کیونکہ ملک میں گندم کی کمی اور بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غذائی بحران پیدا کر دیا ہے۔

مزیدخبریں