خیبرپختونخوا : بنوں ، کرک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی

09:52 AM, 17 Sep, 2025

بنوں / کرک :  خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں دہشت گردوں کے حملے سیکیورٹی فورسز نے بہادری اور حکمتِ عملی سے ناکام بنا دیے، جبکہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں حملے کے دوران 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے سب سے پہلے میریان تھانے کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے صرف 20 منٹ میں حملہ ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد دہشت گردوں نے مزنگ چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جہاں فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے، جنہیں ان کے ساتھی لے کر فرار ہو گئے۔ حملے میں تین پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

ادھر کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں تھانے کے قریب آنے سے پہلے ہی روک دیا۔ ڈی پی او کرک کے مطابق، پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

رات گئے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشت گردوں نے پولیس لائنز اور ملحقہ لیویز تھانے پر حملہ کر دیا۔ لیویز کے تین اہلکار اور کانسٹیبلری کا ایک جوان شہید ہو گئے، جبکہ چھ اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی کے مطابق حملے کے نتیجے میں تھانوں کا کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور لیویز کی ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ژوب سے اضافی فورس طلب کر لی گئی اور زخمیوں کو ژوب کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سیکیورٹی اداروں نے متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ جاری ہے۔

 پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔

مزیدخبریں