اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ملک کے بیشتر حصے خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، لیکن بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند جگہوں پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خاص طور پر شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش کی بھی توقع ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، نارووال، قصور، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے۔پشاور، سوات، کوہاٹ، مردان، دیر، چترال، بنوں، باجوڑ، ایبٹ آباد، صوابی اور مانسہرہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے زیادہ تر حصے خشک اور گرم رہے، ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی رہی، اور بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران کراچی میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔