تربت : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی تربت پہنچے اور فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹرز میں شہید کیپٹن وقار احمد اور چار دیگر جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان اور دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔
نماز جنازہ میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن وقار احمد اور دیگر جوانوں نے فرض کی راہ میں جانوں کے نذرانے دے کر قوم کے لیے ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کبھی بھی شہداء کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتی، اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں کو اپنا خاندان قرار دیا اور کہا کہ پورا ملک ان کے مقروض ہے۔ آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان نے بھی کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کی روشن مثال ہیں۔