وزیر اعظم شہباز شریف کا پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ، انگریزی چینل کا افتتاح

12:41 PM, 17 Sep, 2025

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے  پاکستان ٹیلی ویژن کے نئے قائم شدہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ کیا اور اس کے تحت شروع کیے جانے والے انگریزی ڈیجیٹل چینل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور چینل کی نشریات کے آغاز کا بٹن دبا کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم نے چینل کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا، نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں پاکستان کے خلاف چلنے والے منفی بیانیے کا جواب دینے کے لیے ان کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ "پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل" کا قیام ایک بروقت اقدام ہے، جو حقائق پر مبنی مستند خبریں فراہم کرے گا اور پاکستان سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کو اپنا پہلا خصوصی انٹرویو بھی دیا، جو افتتاحی نشریات کا حصہ تھا۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وزیر اعظم کو چینل کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم عالمی ناظرین کے لیے پاکستان کی ایک متحرک، بااعتماد اور مدلل آواز بنے گا، اور انگریزی زبان میں عوامی سفارت کاری کو فروغ دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینل کا مقصد معلوماتی خلا کو ختم کرنا اور پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔

مزیدخبریں