کراچی ٹریفک پولیس اور لوک سہائتہ کے اشتراک سے روڈ سیفٹی اور فیس لیس ای ٹکٹنگ کی جامع آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، یکم اکتوبر 2025 سے فیس لیس ای چالان سسٹم باضابطہ طور پر فعال ہو جائے گا۔
اس جدید نظام کے تحت شہر بھر میں نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خودکار نگرانی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں تصویری یا ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان جاری کیا جائے گا، جو براہِ راست شہریوں کے گھروں پر ارسال ہوگا، بغیر کسی مداخلت یا سفارش کے۔
آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو مختلف اہم مقامات، خاص طور پر ٹریفک سگنلز پر پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ رضاکار، لیڈی کانسٹیبلز اور تعلیمی اداروں کے طلباء مل کر شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی، روڈ سیفٹی اور نظام میں شفافیت کی اہمیت سے آگاہ کر رہے ہیں۔
یہ جدید اور شفاف نظام کراچی کو ایک محفوظ، منظم اور قانون پسند شہر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ "آپ کے سفر میں ہمسفر، کراچی ٹریفک پولیس"۔