وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرآباد میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا

05:17 PM, 17 Sep, 2025

وزیر آباد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرآباد میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے ذریعے شہر کی پبلک ٹرانسپورٹ کی طویل عرصے سے جاری کمی کو دور کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ وزیرآباد میں بس سروس کی عدم موجودگی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ سہولت شہریوں کے لیے خوش آئند ہے اور جلد ہی گوجرانوالہ میں بھی میٹرو بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرآباد سے گوجرانوالہ تک کرایہ صرف 20 روپے ہوگا، جبکہ طلبہ، خواتین اور معذور افراد کے لیے بس سروس مکمل طور پر مفت ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب زدگان کے لیے قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریسکیو آپریشنز اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ سیلاب متاثرین کو خود کھانا پیش کیا اور معصوم بچوں کے ساتھ گھل مل کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، تاہم پاک فوج، ریسکیو، محکمہ صحت اور پولیس کی ٹیمیں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے، جس سے متاثرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

مزیدخبریں