18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا خصوصی حفاظتی ماڈل متعارف

07:15 PM, 17 Sep, 2025

کیلیفورنیا:معروف مصنوعی ذہانت کمپنی اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے چیٹ بوٹ 'چیٹ جی پی ٹی' کے استعمال کو 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے محفوظ بنانے کے لیے نئے حفاظتی ضوابط نافذ کرے گی۔

نئے قواعد کے تحت، چیٹ جی پی ٹی صارف کی عمر کا اندازہ لگائے گا اور اگر یہ معلوم ہوا کہ صارف 18 سال سے کم عمر ہے تو اسے ایک ایسے ماڈل پر منتقل کر دیا جائے گا جو کم حساس موضوعات پر گفتگو کرے گا۔

کم عمر صارفین کے لیے جنسی، مباشرتی یا زیر لب بات چیت (flirtatious talk) پر پابندی ہوگی۔

اگر کوئی نوجوان صارف خودکشی یا ذہنی دباؤ جیسی صورتحال بیان کرے گا تو چیٹ جی پی ٹی کوشش کرے گا کہ والدین کو آگاہ کیا جائے یا شدید صورت حال میں مقامی حکام کو اطلاع دی جائے۔

اسی کے ساتھ والدین کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ اپنے بچوں کے لیے بلیک آؤٹ گھنٹے مقرر کریں، یعنی ایسے اوقات جب چیٹ جی پی ٹی استعمال نہ کیا جا سکے۔

اگر چیٹ جی پی ٹی کو صارف کی عمر کے بارے میں شک ہو تو خودکار طور پر اسے کم عمر صارفین کے لیے بنائے گئے زیادہ سخت قواعد کے تحت رکھا جائے گا۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ نوجوان صارفین کو خاص حفاظت کی ضرورت ہے، اور یہ اقدام ان واقعات کے بعد کیا گیا ہے جن میں نوجوانوں نے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے بعد ذہنی دباؤ یا خودکشی کی کوششیں کیں۔

اوپن اے آئی نے مزید بتایا ہے کہ والدین کے کنٹرولز اس ماہ کے آخر تک دستیاب ہوں گے تاکہ بچوں کی حفاظت مزید بہتر ہو سکے۔

مزیدخبریں