دبئی : ایشیا کپ کے دسویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف فیلڈنگ کا انتخاب کیا ہے۔ یہ مقابلہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
میچ کا آغاز تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے ہوا، جس کی وجہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ جاری مذاکرات تھے۔
پی سی بی نے گزشتہ پاکستان اور بھارت کے میچ میں ریفری کے رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ان کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا، جس کی بنا پر میچ کی شروعات میں تاخیر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق، آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان بات چیت کے بعد معاملہ کافی حد تک حل ہو گیا، اور اب میچ شروع ہو چکا ہے۔ اس تنازع کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور اس میچ کے نتائج ٹیموں کی پوزیشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔