ریاض: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔
سعودی شاہی محل پہنچنے پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور اعلیٰ سطحی پروٹوکول دیا گیا۔
اس سے قبل جب وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچے تو ان کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں نے سعودی حدود میں داخل ہوتے ہی اپنی حفاظت میں لے لیا اور انہیں ریاض کے ایئر بیس تک خصوصی فضائی پروٹوکول فراہم کیا گیا۔
ریاض کے رائل ٹرمینل پر سعودی نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس میں پاک سعودی تعلقات، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف یہ دورہ سعودی ولی عہد کی خصوصی دعوت پر کر رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔