پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 200 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-1 سے جیت لی

01:18 PM, 17 Sep, 2026

لندن: پاکستان انڈر 19 نے چوتھے یوتھ ون ڈے میں انگلینڈ کو 200 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستانی اننگز کی بنیاد اوپنرز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے رکھی، جنہوں نے 24 اوورز میں 148 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے 79، 79 رنز کی اننگز کھیلی۔

عثمان خان نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا، جبکہ جہانگیر بلال نے 13 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے سبحان علی نے 7 اوورز میں 55 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 20.4 اوورز میں صرف 150 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان رالفی البرٹ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ نے ابتدائی 6 اوورز میں 59 رنز بنا کر اچھا آغاز کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے جلد یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کرکے میچ کا رخ بدل دیا۔ انگلش ٹیم 108 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد مزید 42 رنز کا اضافہ کر سکی اور 150 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نقاب شفیق، محمد صیام اور جہانگیر بلال نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ انگلینڈ نے تیسرا میچ جیت کر سیریز میں واپسی کی امید پیدا کی۔ تاہم چوتھے میچ میں پاکستان کی 200 رنز کی بڑی فتح نے سیریز کا فیصلہ 3-1 سے پاکستان کے حق میں کردیا۔

مزیدخبریں