ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں گرین الیکٹرو بس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ابتدائی طور پر 60 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی اور تمام روٹس پر گرین الیکٹرو بس سروس فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ملتان کے شہریوں کی جانب سے والہانہ استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملتان کے لوگوں کی محبت اور شفقت ہمیشہ یاد رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گرین الیکٹرو بس میں خواتین، طلبہ، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے سفر مفت ہوگا، جبکہ عام مسافروں کے لیے کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ خصوصی افراد کے لیے بسوں میں وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرو بسوں میں مفت وائی فائی، موبائل چارجنگ پورٹس اور سی سی ٹی وی کی سہولت موجود ہوگی، جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں بلاتفریق گرین بس سروس فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی حکومت میں کوئی شخص بس کی چھت پر سفر نہیں کرے گا اور خواتین و طلبہ کے لیے محفوظ سفری سہولت یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ملتان اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملتان، وہاڑی شاہراہ کو دو رویہ کیا گیا ہے اور اس منصوبے پر 35 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ملتان اور وہاڑی کے درمیان سڑک ایک سال میں مکمل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں کینسر ہسپتال کا افتتاح کیا جا چکا ہے جہاں جدید مشینری اور ماہر ڈاکٹرز کی سہولت دستیاب ہے۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت کینسر کے علاج پر 16 سے 28 لاکھ روپے تک کے اخراجات برداشت کر رہی ہے، جبکہ صوبے کے ہر ڈویژن میں کینسر ہسپتال قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔
مریم نواز نے پنجاب بھر کے طلبہ کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ صرف 3 ہزار روپے ادا کرکے ہیلمٹ سمیت الیکٹرک بائیک حاصل کرسکیں گے، جبکہ طالبات کو ڈاؤن پیمنٹ نہیں دینا ہوگی اور وہ 3 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت دو لاکھ گھر مکمل ہوچکے ہیں اور سوا لاکھ افراد اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں 300 نوازشریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو گھر کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔
امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں پولیس اور سی سی ڈی کے اہلکاروں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم وہ نہیں چاہتیں کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کی جیب پر پڑے۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی حکومت ترقیاتی کاموں اور عوامی سہولتوں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب آنے والے بعض سیاسی افراد کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ہوئی۔
مریم نواز نے اپنے فضائی سفر پر ہونے والی تنقید کا بھی ذکر کیا اور طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر جہاز پر تنقید ہو رہی ہے تو وہ چنگچی کے ذریعے ملتان آنے کا سوچ رہی تھیں، جبکہ لاہور سے ملتان میٹرو سروس دستیاب ہوتی تو وہ میٹرو کے ذریعے ملتان آتیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’مریم نواز پر نہیں، پنجاب کی ترقی پر تنقید ہورہی ہے‘‘ اور دعویٰ کیا کہ پورے پنجاب میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔