اسلام آباد: عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ایک بار پھر کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان کردیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک بند کرنا ہوں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے۔ تاہم ٹیک اوے، ہوم ڈیلیوری، فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور دیگر ضروری شعبے مقررہ اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز اور جم بھی اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے تناظر میں توانائی اور ایندھن کی بچت کے لیے یہ اقدامات کیے ہیں، جن کا مقصد غیر ضروری ایندھن کے استعمال اور اخراجات میں کمی لانا ہے۔