وزیراعظم شہباز شریف کا زیر التوا ٹیکس کیسز کے فوری فیصلوں کا مطالبہ

03:05 PM, 18 Apr, 2025

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھربوں روپے کے زیر التوا ٹیکس کیسز کے فوری فیصلے ناگزیر ہیں، تاکہ ٹیکس نظام کی اصلاحات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے، اور وزیراعظم نے اس سفر کو طویل مگر اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سفر میں رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا اور ایف بی آر کے تمام اہلکاروں کو محنت اور جذبے کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔

ایف بی آر کے پرفارمنس منیجمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس محصولات میں 27 فیصد کا اضافہ قابل ستائش ہے۔ تاہم، انہوں نے کھربوں روپے کے زیر التوا ٹیکس کیسز کے فوری فیصلوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کو قرضوں سے نجات حاصل کرنی ہے تو ٹیکس آمدن میں اضافہ کرنا ہو گا، ورنہ قرضوں کا بوجھ مزید بڑھے گا اور پاکستان کبھی آئی ایم ایف سے چھٹکارا نہیں پا سکے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معیشت پر قرضوں کا بوجھ پڑا ہے اور ہمیں اس چنگل سے نکلنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایف بی آر کی کارکردگی میں موجود سقم دور کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر نے ماضی میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا مؤثر استعمال نہیں کیا، اور اب اس سسٹم کو مکمل طور پر مؤثر بنانا ہوگا تاکہ ٹیکس کے معاملات میں شفافیت اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

مزیدخبریں