اسلام آباد:پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل کابل کا اہم دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس میں ایک اعلیٰ سطح کا پاکستانی وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند، نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر، اور عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے تمام امور بشمول سیکیورٹی تعاون، تجارتی روابط، عوامی تبادلے اور سرحدی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کے عزم کی غمازی کرتا ہے۔