ہسپتالوں کی مبینہ نجکاری کے خلاف لاہور میں احتجاج، مظاہرین کی وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب پیش قدمی، متعدد زخمی

06:41 PM, 18 Apr, 2025

لاہور:پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں کی مبینہ نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج شدت اختیار کر گیا. بیورو چیف لاہور نیونیوز کے مطابق   دھرنے کے تیرہویں روز مظاہرین نے پنجاب اسمبلی سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کیا، جس پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا۔

پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔ مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، جبکہ خواتین کی بڑی تعداد بھی مظاہرے میں شریک تھی۔

پولیس کی بھاری نفری  صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے موجود تھی۔ تاہم واٹر کینن کے استعمال کے بعد مظاہرین نے الحمرا ہال کے سامنے روڈ پر دوبارہ دھرنا دے دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کسی صورت حکومت کو سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کی اجازت نہیں دیں گے۔ اُن کا مطالبہ ہے کہ صحت کا شعبہ عوامی فلاح کا ذریعہ ہے، اسے نجی ہاتھوں میں دینا عوام دشمنی کے مترادف ہے۔گرینڈ ہیلتھ الائنس نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

مزیدخبریں