اسلام آباد:پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک اور بڑی کامیابی اپنے نام کرلی۔ سوشل میڈیا پر مقبول اداکارہ اب انڈین پنجابی فلم "سردار جی 3" میں اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق نامور کامیڈین اور اداکار ناصر چنیوٹی نے تصدیق کی ہے کہ ہانیہ عامر فلم "سردار جی 3" کا حصہ ہیں اور وہ کوئی معمولی کردار نہیں بلکہ ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ناصر چنیوٹی خود بھی اس فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا، "یہ سچ ہے کہ ہانیہ عامر 'سردار جی 3' میں ایک اہم رول کر رہی ہیں، اور یہ فلم جون 2025 میں ریلیز ہو گی۔ وہ صرف سائیڈ رول نہیں، بلکہ نمایاں اور مضبوط کردار میں نظر آئیں گی۔"
ناصر چنیوٹی نے مزید کہا کہ ہانیہ نے پنجابی زبان میں اداکاری سے سب کو حیران کر دیا ہے۔ "وہ پنجابی بہت اچھی بولتی ہیں، فلم دیکھ کر سب کو اندازہ ہو جائے گا کہ وہ کتنی باصلاحیت ہیں۔"
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی انسٹاگرام اسٹوریز میں مشابہت دیکھی گئی تھی، جس سے مداحوں نے قیاس آرائیاں کی تھیں کہ دونوں کسی مشترکہ منصوبے پر کام کر رہے ہیں، تاہم اب ناصر چنیوٹی کے بیان سے ان خبروں کی تصدیق ہو گئی ہے۔
فلم "سردار جی 3" بھارتی پنجابی سینما کی مشہور کامیاب فرنچائز کا تیسرا حصہ ہے، جس کی کہانی اور دیگر کاسٹ اب تک خفیہ رکھی گئی ہے۔ مداحوں کو دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی جوڑی کو ایک ساتھ بڑے پردے پر دیکھنے کا شدت سے انتظار ہے۔