پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو

10:50 AM, 18 Apr, 2026

ایبٹ آباد :پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اس خواہش کو کوئی ہماری کمزوری نہ سمجھے، کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول میں 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس اور دیگر کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اپنے خطاب میں ایئر چیف نے پاک فوج اور فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معرکہِ حق میں پاکستان کی جنگی حکمت عملی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا۔ انہوں نے دشمن کو یاد دلایا کہ  پاکستان ایئرفورس نے دشمن کے جہاز گرا کر تاریخ رقم کی اور ہماری طاقت و ہنرمندی دیکھ کر دشمن دنگ رہ گیا۔
ایئر چیف نے امن کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر یقین رکھتا ہے، تاہم دفاعِ وطن کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں