اسلام آباد: شہرِ اقتدار ایک بار پھر عالمی سفارتکاری کے مرکز میں تبدیل ہونے کے لیے تیار ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع دوسری بڑی بیٹھک کی میزبانی کے لیے وفاقی دارالحکومت کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے، جہاں ایک طرف خوبصورتی کے رنگ بکھر رہے ہیں تو دوسری جانب سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نمائندہ نیو نیوز رانا عثمان کے مطابق اسلام آباد کی میزبانی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سی ڈی اے (CDA) نے شہر بھر میں تزئین و آرائش کا کام تیز کر دیا ہے۔اہم شاہراہوں کے اطراف گرین بیلٹس پر شجرکاری کی جا رہی ہے اور انہیں رنگ برنگے پھولوں سے سجا دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے جدید لائٹس نصب کی گئی ہیں، جن کا رات کے وقت منظر قابلِ دید ہوتا ہے۔سفارتی سرگرمیوں کی حساسیت کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔وفاقی پولیس کی مدد کے لیے پنجاب پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے، جسے حساس مقامات پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران ٹریفک اور سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی مذاکراتی عمل کو حتمی شکل دی جائے گی، غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ شہرِ اقتدار میں جاری یہ تیاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی تنازعات کے حل اور علاقائی امن کے قیام میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اسلام آباد ایک بار پھر بڑی میزبانی کے لیے تیار، وفاقی دارالحکومت میں وی آئی پی موومنٹ کی تیاریاں تیز
04:29 PM, 18 Apr, 2026