حکومت بلوچستان نے سیلاب متاثرین کے لیے بڑی امدادی کھیپ روانہ کر دی

09:59 AM, 18 Aug, 2025

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کر دی ہے۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے 1500 خاندانوں کو گلگت بلتستان اور 1000 خاندانوں کو خیبر پختونخوا میں امداد فراہم کی جائے گی۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند اور ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے امدادی سامان کی روانگی کی تصدیق کی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر یہ سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔

امدادی سامان میں خیمے، کمبل، پانی کی بوتلیں اور دیگر نان فوڈ آئٹمز شامل ہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس مشکل وقت میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ ہے اور امداد فراہم کرنا انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا ثبوت ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے کہا کہ بھیجا گیا امدادی سامان معیاری اور جانچ پڑتال شدہ ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کو بہترین طریقے سے پورا کیا جا سکے۔

مزیدخبریں