ریاض / اسلام آباد : سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو تعزیتی پیغامات ارسال کیے ہیں، جن میں انہوں نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ سعودی قیادت نے پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر سعودی عرب نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش بھی کی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ریلیف کا عمل جلد ممکن بنایا جا سکے۔
شاہ سلمان اور ولی عہد نے پاکستانی عوام کے استحکام، حفاظت اور جلد بحالی کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔