واشنگٹن : امریکہ میں یوٹیوب نے بچوں کی حفاظت کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نیا نظام متعارف کرایا ہے تاکہ نابالغ صارفین کو حساس اور بالغوں کے لیے مخصوص مواد سے بچایا جا سکے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، یوٹیوب نے ایسے صارفین کی شناخت کے لیے مشین لرننگ کی ٹیکنالوجی استعمال کرنا شروع کر دی ہے جو بالغ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر درحقیقت نابالغ ہوتے ہیں۔ اس نظام میں صارف کی عمر کا اندازہ لگانے کے لیے ان کی دیکھی جانے والی ویڈیوز اور اکاؤنٹ کی مدت جیسے عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
یوٹیوب کے یوتھ ڈائریکٹر جیمز بیسر نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی صارف کی عمر کے مطابق انہیں موزوں مواد اور حفاظتی تجربات فراہم کرے گی۔ اگر صارف کو نابالغ پایا گیا تو اسے اپنی عمر کی تصدیق کرنے کا موقع دیا جائے گا، جس میں کریڈٹ کارڈ، سیلفی یا حکومتی شناختی کارڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ اقدام گوگل کی ملکیت والی یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر نابالغ بچوں کی حفاظت کے لیے جاری نگرانی کا حصہ ہے، کیونکہ اکثر اوقات ان پلیٹ فارمز کو بچوں کی حفاظت میں ناکامی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔