بلوچستان میں یومِ آزادی کے موقع پر دہشتگردی کی بڑی سازش ناکام، یونیورسٹی کا لیکچرر سہولت کار نکلا: وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی

12:06 PM, 18 Aug, 2025

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے یومِ آزادی پر دہشتگردی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سازش میں بیوٹم یونیورسٹی کا لیکچرر ڈاکٹر عثمان قاضی سہولت کاری میں ملوث تھا، جس نے خودکش حملہ آور کو ریلوے اسٹیشن تک پہنچایا جہاں ماضی میں 32 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ دہشتگردوں کا منصوبہ 14 اگست کو جشنِ آزادی منانے والے بچوں کو نشانہ بنانے کا تھا۔ تاہم، بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں نے ممکنہ تباہی کو روک دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ "میں برسوں سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان کو توڑنے کی منظم سازش جاری ہے، ہمیں اب اس کنفیوژن سے باہر آنا ہوگا۔ ریاست ذمہ داری سے کام کر رہی ہے اور ہم دہشتگردوں کو عام شہریوں سے الگ کر کے کارروائی کر رہے ہیں۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والا لیکچرر مجید بریگیڈ سے وابستہ تھا اور ٹیلیگرام کے ذریعے ہدایات حاصل کرتا تھا۔ ڈاکٹر عثمان قاضی نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ دہشتگردوں کے لیے اہداف کا تعین اور ہتھیاروں کی فراہمی میں سہولت کاری کرتا رہا ہے۔ وہ 18ویں گریڈ کا سرکاری ملازم ہے جبکہ اس کی اہلیہ بھی سرکاری ملازمت سے وابستہ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک دو سے ڈھائی ہزار ریاستی ملازمین کی جانچ پڑتال کی جا چکی ہے اور دہشتگردی کے نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نہ صرف نوجوانوں بلکہ خواتین کو بھی بلیک میل کرکے خودکش حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا، "ریاست اگر چاہے تو ایک مارٹر گولہ گرا کر درجنوں دہشتگرد مار سکتی ہے، لیکن ہم ایک ذمہ دار ریاست ہیں، ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور اجتماعی سزا کے خلاف ہیں۔"

وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ شدت پسند عناصر کے ہاتھ نہ چڑھ جائیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ بلوچستان میں محرومی کے نام پر چلنے والا پروپیگنڈا دراصل ریاست مخالف سازش ہے، جس کا مقصد ملک کو کمزور کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہم مذاکرات کے دروازے کھلے رکھتے ہیں، لیکن دہشتگردی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔"

پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں قانون کی حکمرانی، امن و امان اور قومی وحدت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں