مری میں شدید بارشوں کے باعث سکول دو دن بند رکھنے کا فیصلہ

02:09 PM, 18 Aug, 2025

مری :  کوہسار مری میں شدید بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے منگل 19 اگست اور بدھ 20 اگست کو بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ سی ای او ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے جاری کیا ہے تاکہ طلباء اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مری میں تیز بارشوں کے نتیجے میں ندی نالے بپھر گئے ہیں اور کہوٹہ، جی پی او چوک، مال روڈ سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جو تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔ دوسری جانب گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مری اور ایبٹ آباد کو ملانے والی شاہراہ بند ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مری نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بارشوں کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں کیونکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزیدخبریں