اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیح، میرپور ایئرپورٹ کا منصوبہ تجویز کر دیا: اسحاق ڈار

"نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، اور اب ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان کو جی 20 ممالک میں شامل کیا جائے

07:48 PM, 18 Aug, 2025

لندن:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا ہے، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔ "اپریل میں افغانستان کا دورہ کیا، اور ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کسی بھی بیرونی خطرے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ "جو بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے گا، ہم خاموش نہیں رہیں گے۔"

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ "نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، اور اب ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان کو جی 20 ممالک میں شامل کیا جائے۔

اسحاق ڈار نے لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونا خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ بنانے کے نظام کو بھی جدید اور مربوط بنایا جا چکا ہے۔

اوورسیز کمیونٹی کی سہولت کے لیے ایک اور تجویز دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر میرپور ایئرپورٹ بنانے کا آئیڈیا پیش کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے بات چیت میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت اجازت دے تو ہم زمین خود خرید کر ایئرپورٹ کی تعمیر شروع کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں