بھارت شکست کی حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری، ’آپریشن سندور‘ کی ڈاکومینٹری حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے: آئی ایس پی آر

10:25 AM, 18 Aug, 2026

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی ’آپریشن سندور‘ سے متعلق دستاویزی فلم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ معرکۂ حق کو ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھارت شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت ناکامی تسلیم کرنے کے بجائے تاریخ کو اپنی مرضی کے مطابق پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی مواد تخلیق کرنے والوں نے ’آپریشن سندور‘ پر انتہائی ڈرامائی، رنگین اور حقائق کے منافی بیانیے پر مبنی دستاویزی فلم تیار کی، جس میں بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دستاویزی فلم حقائق کے بجائے جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی عکاس ہے، جبکہ اس میں پیش کیے گئے دعووں میں بنیادی نوعیت کے تضادات موجود ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے تین مبینہ ملزمان کو بھارت نے 28 جولائی 2025 کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ ’آپریشن سندور‘ 7 مئی کو کیا گیا تھا، لہٰذا بھارت کو وضاحت کرنا ہوگی کہ 7 مئی کو اس کے دعوے کے مطابق کس کو سزا دی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی دستاویزی فلم میں ’100 فیصد مشن کامیابی‘ کے دعوے کو بھی آپریشنل ریکارڈ سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلمی مناظر حقیقی جنگی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے تحت بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنگی ریکارڈ، سفارتی رابطے اور خود بھارتی بیانات حقائق واضح کرنے کے لیے کافی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ جنگ بندی دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان رابطے اور اتفاقِ رائے سے ہوئی، اس لیے اسے یکطرفہ بھارتی فوجی فتح کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔

پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور ملکی خودمختاری و سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ آئندہ کسی فوجی مہم جوئی کی صورت میں جواب فیصلہ کن ہوگا

مزیدخبریں